ممبئی، 30؍مارچ(ایس او نیوز؍ایجنسی)مہاراشٹر میں کورونا کی حالت بے قابو ہوتی جارہی ہے - گزشتہ روز، ریاست میں کورونا کے 40 ہزار سے زیادہ نئے کیس آنے سے حکومت کی تشویش میں اضافہ ہوا ہے اور ایک بار پھر مکمل لاک ڈاؤن کیلئے تیاریاں کی جارہی ہیں - کورونا سے متعلق ٹاسک فورس نے لاک ڈاؤن کی سفارش بھی کی ہے-
اس کے بعد، وزیر اعلیٰ ادھو ٹھاکرے نے چیف سکریٹری سیتارام کونٹے سے فوری طور پر لاک ڈاؤن کی حکمت عملی بنانے کو کہا ہے-وزیراعلیٰ نے گزشتہ روز کہا کہ مہاراشٹر میں دفعہ 144 کام نہیں کرے گی- کرفیو سے کچھ نہیں ہونے والا ہے- اب لاک ڈاؤن واحد آپشن ہے- وزیراعلیٰ کے بیان کے بعد، یہ خیال کیا جارہا ہے کہ اگلے ایک سے دو دن میں، مہاراشٹرا میں لاک ڈاؤن کا اعلان کیا جاسکتا ہے- وزیراعلیٰ نے اسپتالوں میں بستروں کی تعداد، آکسیجن اور وینٹی لیٹر کے انتظام کے بارے میں بھی حکام سے معلومات لی ہیں -